میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز نے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے زائد ہو گئی ہے۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ چند ہفتوں قبل تھریڈز نے یہ تعداد عبور کی جبکہ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پلیٹ فارم نے نمایاں ترقی کی ہے لیکن ابھی مزید کام کی ضرورت ہے۔
میٹا نے جولائی 2023 میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مقابلے میں تھریڈز متعارف کرایا تھا۔
اپریل 2025 میں تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 35 کروڑ تھی یعنی تین ماہ میں اس میں 5 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایکس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 60 کروڑ ہے لیکن تھریڈز تیزی سے اس کا مقابلہ کر رہا ہے۔
سیمیلر ویب کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2025 میں تھریڈز کو روزانہ 11 کروڑ 51 لاکھ افراد نے موبائل ایپس پر استعمال کیا جو ایکس کے 13 کروڑ 20 لاکھ صارفین کے قریب ہے۔
تاہم ویب سائٹ پر ایکس کے روزانہ 14 کروڑ سے زائد صارفین کے مقابلے میں تھریڈز کے صرف 69 لاکھ صارفین ہیں۔






















