وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سماء نیوز کے پروگرام ’’ ندیم ملک لائیو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور خیبرپختونخوا میں کوئی نیاآپریشن نہیں ہو رہا، تاثر دیا جا رہا ہے منصوبہ بندی کے تحت نئی کارروائی ہو رہی ہے، دہشتگرد پاکستان کے کسی بھی علاقے میں ہوں گے تو کارروائی ہو گی، آپریشن کے حوالے سے تحفظات ہیں تو دور کرنے کی ضرورت ہے، قبائل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے، امن کیلئے تمام اداروں کو ملکر چلنا ہو گا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا پاکستان کی فتح ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ایک کے بعد ایک سفارتی فتح دے رہا ہے، بھارت نے مسئلہ کشمیر کو علاقائی مسئلہ بنانے کی کوشش کی، آج پھر مسئلہ کشمیر عالمی مسئلہ بن گیا ہے، دنیا مان گئی کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے، دنیا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کیساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک ہمارے ادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی بات آئے تو ہم سب ملک کے ساتھ کھڑے ہیں، دشمن نے جھوٹا بیانیہ بنایا تھا، آج بھارت،مودی اورآرایس ایس بے نقاب ہو چکے ہیں، وزیر خارجہ کے ساتھ بڑا جرگہ بنا کر افغانستان بھیجنا چاہیے، وزیر خارجہ کی سربراہی میں بڑا جرگہ بنا کر افغانستان بھیجنا چاہیے، فاٹا انضمام کے بعد بنیادی حقوق سلب کیے گئے، قبائل کہتے ہیں جو کرنا ہے،انہیں اعتما دمیں لے کر کیا جائے ، قبائل کو دیوار سے کیوں لگایا جا رہا ہے؟ جو بھی اقدامات کرنے ہیں قبائل کو اعتماد میں لے کر کریں، ،14اگست پر احتجاج نام کی کوئی چیز نہیں،جشن منائیں گے، 14اگست پر پاکستان اورپی ٹی آئی کا جھنڈا لے کر چلیں گے۔






















