جڑواں شہروں میں جائیداد کے تنازع پر تہرے قتل کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے،جہاں بیٹے نے بزرگ باپ اور 2 بہنوں کو قتل کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں ترامڑی کے علاقے عرفان آباد میں ملزم محمد علی نےباپ محمود حسین اوربہن شبنم زاہدہ کوچھری کے وار سے قتل کیا،سفاک ملزم پھر راولپنڈی میں تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں اڈیالہ روڈ پر ثمر زار کے علاقے پہنچا اوردوسری بہن انجم زارا کو بھی مارڈالا،گلے پرچھری کے وار سے شیرخوار بھانجا شدید زخمی ہوگیا،جس کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشنزراولپنڈی رضا تنویرسپرا کاکہنا ہےکہ پولیس جیسے ہی اس کو اطلاع ملی چوکی انچارج اور ایس ایچ او موقع پر آئے ہیں،انہوں نے آ کے موقع سے بندے کو اریسٹ کیا،ابتدائی تحقیقات ہے اس میں یہی پتہ لگا ہے کہ جائیداد کے تناظر میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
اسلام آباد میں مارا گیا والد حساس ادارے کا ریٹائرڈ انسپکٹرجبکہ راولپنڈی میں قتل کی گئی بہن اسی سرکاری ادارے میں بطور کانسٹیبل ملازم تھی۔
تھانہ صدر بیرونی نےمقتولہ انجم کے خاوند کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا،مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا کہ بیوی انجم زہرہ کا اپنے بھائیوں سے زمین کا تنازع چل رہا تھا،گرفتار ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس نے تہرے قتل کی واردات بھائیوں اور ماموں کے ساتھ مل کر کی۔





















