کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کیلئے بھارت میں موجود افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز احمد آباد کی سڑکوں پر غریب اور ضرورتمند افراد میں خاموشی سے پیسے بانٹنے لگے، ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم سیمی فائنل تک تو نہ پہنچ سکی تاہم اپنے عمدہ کھیل کی وجہ سے اس نے مداحوں کے دل جیت لئے ہیں۔
غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق افغانستان کے جارح مزاج بیٹر رحمان اللہ گرباز میدان سے باہر بھی اپنے اچھے کاموں کی بدولت خبروں کی زینت بن رہے ہیں، ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بھارتی شہر احمد آباد میں ضرورتمند افراد میں خاموشی سے پیسے بانٹنے ہوئے نظر آرہے ہیں، ان کا مقصد لوگوں کو ہندو تہوار دیوالی منانے کیلئے لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
Rahmanullah Gurbaz silently gave money to the needy people on the streets of Ahmedabad so they could celebrate Diwali.
— Mufaddal Vohra (@mufaddal_vohra) November 12, 2023
- A beautiful gesture by Gurbaz. pic.twitter.com/6HY1TqjHg4
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رحمان اللہ گرباز گلیوں اور فٹ پاتھوں پر سوئے ہوئے افراد کے قریب چپکے سے رقم رکھ دیتے ہیں اور پھر اپنی کار میں خاموشی سے وہاں سے روانہ ہوجاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے افغان اوپنر کے انسانی ہمدردی سے اس جذبے کو سراہا جارہا ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے دوران افغانستان کی ٹیم نے 9 میچ کھیل کا 4 کامیابیاں اپنے نام کیں، یوں افغانستان چیمپیئن ٹرافی 2025ء کیلئے براہ راست کوالیفائی کرگیا ہے۔
افغان ٹیم نے جاری ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کو شکست دیکر کرکٹ مداحوں کو حیران کردیا تھا، گرین شرٹس اس شکست کے باعث ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
رحمان اللہ گرباز نے ورلڈ کپ 2023ء کے 9 میچوں میں 31.93 کی اوسط کے ساتھ 280 رنز بنائے، جبکہ ان کے ساتھی ابراہیم زردان نے ایونٹ میں ایک سینچری کے ساتھ 493 رنز اسکور کئے۔