آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملز نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ فراز عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نے گندم پر ڈیلرز کو سبسڈی نہیں دی، پنجاب حکومت 800 روپے منافع پر ملز کو گندم دے رہی ہے۔
آٹا ڈیلرز ایسو سی ایشن کے عہدیداران نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گندم پر ڈیلرز کو سبسڈی نہیں دی، اسی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، ملز نے آٹے کی قیمت بڑھادی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وفاق اور پنجاب حکومت ملز کو کم ریٹ پر گندم دیتی تھی، پنجاب حکومت اب 3900 روپے گندم لے کر 800 روپے منافع پر 4700 روپے میں ملز کو دے رہی ہے، حکومت کے سبسڈی نہ دینے پر اثرات عوام پر آرہے ہیں۔
صدر آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن فراز عباسی نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں کوئی بھی کمیٹی نہیں ہے، غریب آدمی پس رہا ہے، آٹا مہنگا ہوتا گیا تو عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوجائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری قیمت پر ملز کو گندم مہیا کرے۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماء راحت علی خان نے کہا کہ حکومت گندم مافیا کو فروغ دے رہی ہے، گزشتہ حکومت میں آٹا اور چینی کم قیمت پر ملتے تھے، عوام کہاں جائیں کم از کم روٹی تو دے دیں، کرپشن کرنے والوں کو پکڑیں عوام کو سزا نہ دیں۔