خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ بلدیات کے تمام مالی امور ڈیجٹل نظام پر لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ تمام ٹی ایم اوز کو عملدرآمد کے لئے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔
لوکل کونسل بورڈ کی جانب سے میئر پشاور سمیت تمام بلدیاتی اداروں کو جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے میٹرو پولیٹن تحصیل اور ٹی ایم ایز میں ای چالان اور کیش لیس نظام کے تحت وصولی کی جائے۔
فیصلے کے تحت تمام مالی لین دین اب صرف ای چالان پلیٹ فارم کے ذریعے ہی ہوں گے۔
اسی طرح بلدیاتی اداروں کی مختلف نوعیت کی فیس ، مارکیٹ کرایوں ، جرمانوں و دیگر محصولات کی نقد وصولی بند کر دی جائیگی۔
ٹی ایم ایز کو ای چالان اور کیش لیس سسٹم سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔






















