لاہور اور کبیروالا میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 3 ملزمان ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی چوہنگ اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو زیرِ حراست ملزم شعیب اور زبیر مارے گئے۔
دونوں ملزمان نے دو روز قبل مانگا منڈی سے 13 سالہ لڑکی کو اغوا کر کے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
فائرنگ کے دوران سب انسپکٹر شبیر شدید زخمی جبکہ انسپکٹر عمران یوسف کی بلٹ پروف جیکٹ پر گولیاں لگیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی تھا۔
دوسری جانب کبیروالا کے تھانہ حویلی کورنگا کی حدود میں سی سی ڈی اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو غلام سرور ولد اللہ دتہ عرف سرو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان ناکے پر رکنے کے بجائے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
انچارج سی سی ڈی کبیروالا رائے نزاکت علی کے مطابق غلام سرور سنگین نوعیت کے 15 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری تھا۔
پولیس نے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔






















