قومی احتساب بیورو نے رواں سال کی پہلی ششمائی میں 547.31 ارب روپے کی وصولیاں کیں، دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 12 ہزار 611 متاثرین کو لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائیں۔
قومی احتساب بیورو کی رواں سال کے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی، ترجمان نے عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی طور پر 547.31 ارب روپے کی بازیابی کی جبکہ اپریل تا جون 456.3 ارب روپے کی ریکارڈ وصولیاں کی گئیں۔
ترجمان نیب کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران 33.532 ارب کی جائیدادیں وفاقی و صوبائی وزارتوں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کیں، دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 12 ہزار 611 متاثرین کو لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائیں۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ کیس میں 3.9 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں بازیاب کرائیں، جنہیں 2 ہزار 500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہم کیا جائے گا، محکمہ تعلیم و خواندگی سندھ کی 127 کنال اور 15 مرلہ اراضی بازیاب کرائی گئی۔





















