پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتہ تاریخ ساز تیزی کا رہا، مارکیٹ نے ہر روز نئی بلند ترین سطح کا سنگ میل عبور کیا، صرف ایک روز کے علاوہ باقی چار دن تک مسلسل مارکیٹ نے مندی کو قریب بھی نہ پھٹکنے دیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر انڈیکس ایک لاکھ 41 ہزار پوائنٹس پر تھا تاہم روزانہ نئے سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 46 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد بھی عبور کرگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں ہفتہ بھر میں 4347 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس نے مارکیٹ کو ایک لاکھ 45 ہزار 382 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا دیا۔
ماہرین کے مطابق متواتر آتی اچھی خبروں اور کمپنیز کے اچھے مالی نتائج سے سرمایہ کاروں کا اعتماد خاصا بلند نظر آیا۔
چار دن کی مسلسل تیزی کے بعد جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں کریکشن آئی، ہنڈریڈ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح ایک لاکھ 46 ہزار 813 پوائنٹس جبکہ ہفتہ وار کم ترین سطح ایک 41 ہزار 440 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
بازار حصص میں کاروباری ہفتے کے دوران سوا 3 ارب شیئرز کے سودے 234 ارب روپے میں طے ہوئے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 435 ارب روپے بڑھ کر 17 ہزار 342 ارب روپے ہوگئی۔





















