گزشتہ رات لاہور میں ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
لاہور ڈیفنس فیز 7 میں خوفناک ٹریفک حادثہ نے ہنستا بستا گھر اُجاڑ دیا۔ خوفناک ٹریفک حادثے سے چھ افراد چل بسے جس میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ رخسانہ، 4 سالہ عنابیہ، 4 ماہ کا حذیفہ، 27 سالہ محمد حسین، 30 سالہ سجاد، 23 سالہ عائشہ شامل ہیں۔
حادثہ ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور زگ زیگ کے باعث پیش آیا، ڈرائیور کی شناخت افنان شفقت کے نام سے ہوئی، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے حادثہ کا باعث بننے والی گاڑی کو بھی تحویل میں لئے لیا۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تصادم کا شکار گاڑیوں کو مین روڈ سے ہٹایا،پولیس نے تمام حادثہ کا شکار جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کر دیا۔قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔
پولیس کی جانب سے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھےکرلیےگئے تاہم واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔
خوفناک ٹریفک حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے گہرےدکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کےلواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے افسوسناک حادثےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمے دار ڈرائیور کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا۔