افریقی ملک گھانا کے جنوبی ایشینتی علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں وزیر دفاع ایڈورڈ اومین بوامہ اور وزیر ماحولیات، سائنس و ٹیکنالوجی ابراہیم مرتضیٰ محمد سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکومتی ترجمان جولیئس ڈیبرا کے مطابق یہ Z9 ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح 9:12 بجے اکرا سے اوبواسی کے لیے روانہ ہوا تھا جو ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا تاہم پرواز کے کچھ ہی دیر بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا اور بعد میں ایڈانسی اکروفوم ضلع میں اس کا ملبہ پایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا۔
صدر جان ماہاما نے اس واقعے کو "قومی سانحہ" قرار دیتے ہوئے تمام سرکاری سرگرمیاں منسوخ کر دیں اور ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے مرنے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد قوم کی خدمت کرتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
گھانا کی مسلح افواج نے تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد فوری طور پر تلاش شروع کی گئی تھی۔
حکام نے ابھی تک حادثے کی وجہ کی تصدیق نہیں کی لیکن مکینیکل خرابی، موسم یا انسانی غلطی سمیت تمام امکانات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
صدر ماہاما نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا وعدہ کیا اور کہا کہ مرنے والوں کا مشن ادھورا نہیں رہے گا۔





















