پاکستانی اسٹریٹ فٹبال ٹیم کے رکن امان اللہ رؤف بلوچ ناروے میں غائب ہوگئے۔ ساتھی فٹبالر نے انکشاف کیا ہے کہ امان اللہ نے چیمپئن شپ میں شرکت ہی نہیں کی۔
ناروے کپ اسٹریٹ فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائند کرنیوالے فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ اوسلو میں ٹیم کو چھوڑ کر غائب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فٹبالر ناروے کپ کے دوران اوسلو میں غائب ہوگیا، مسلم ہینڈز کے فٹبالر امان اللہ روف بلوچ پہلے روز سے ہی لاپتہ ہیں، امان اللہ کا پاسپورٹ بھی ان کے پاس ہے۔
ساتھی فٹبالر نے انکشاف کیا ہے کہ امان اللہ نے چیمپئن شپ میں شرکت ہی نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق مسلم ہینڈز کی ٹیم وطن واپس آچکی ہے، امان اللہ رؤف بلوچ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے، اس سے قبل امان اللہ بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم سے بھی ناروے کپ کھیل چکے ہیں۔
پراجیکٹ ہیڈ مسلم ہینڈز ریحان طاہر کا کہنا ہے کہ مسلم ہینڈز پچھلے کئی سال سے اس شعبے میں خدمتِ انسانیت کیلئے کام کررہا ہے، اس واقعے کی وجہ سے ہم خود کافی پریشان ہیں، ہمیں نہیں اندازہ کہ کیسے اس کا اژالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واقعے کے بعد پولیس کو فوری اطلاع دی اور خود بھی امان اللہ کو ڈھونڈا، ناروے میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی اطلاع کردی گئی ہے، واقعے کے دوسرے دن لڑکے کا پاسپورٹ ناروے میں سفارتخانے میں جمع کروایا، تمام دستاویزات کراچی پولیس کو بھی فراہم کردی ہیں۔
ریحان طاہر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں ناروے کے سفارتخانے میں بھی اطلاع کردی گئی ہے، ایک بچے کی وجہ سے دوسرے بچوں کا مستقبل ضائع نہیں کرسکتے، یہ ایسا واقعہ ہے جس پر ہم سب لوگ پریشان ہیں۔




















