پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت کرنے کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی کو خط لکھ کر جیل کے اندر اور باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جیل کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
سی پی او راولپنڈی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی سفارش پر عمل کرتے ہوئے جیل کے اطراف اضافی سیکیورٹی فورسز تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب 5 اگست کو احتجاج کے تناظر میں راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
لازمی پڑھیں۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ
ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 4 اگست سے 10 اگست تک 7 دنوں کے لیے عائد کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوسوں، دھرنوں، مظاہروں اور جلسوں پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے اور اس کے علاوہ 5 یا زائد افراد کے اکٹھے ہونے، اسلحہ، لاٹھی، بال بیرنگ، پیٹرول بم لے جانے، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور قابل اعتراض یا نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
پابندیوں کے نفاذ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ قانون کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔






















