اسلام آباد میں چار روز قبل سانپ کے کاٹنے سے متاثرہ 15 سالہ بچے علی حسن کی طبیعت سنبھل گئی ہے اور اسے نجی اسپتال سے مکمل صحت یابی کے بعد آج ڈسچارج کر دیا گیا۔
وزارت قومی صحت کی جانب سے وزیر اعظم کو ارسال کردہ ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق علی حسن کو گھر میں سوتے ہوئے سانپ نے ڈس لیا تھا۔
اسے فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے اینٹی وینم ویکسین کی پہلی ڈوز دی گئی۔
طبیعت نہ سنبھلنے پر دوسری ڈوز بھی دی گئی لیکن سانس کی تکلیف کے باعث وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑی۔
پمز اور پولی کلینک میں وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی کے باعث بچے کو نجی اسپتال ریفر کیا گیا جہاں وینٹی لیٹر کی سہولت ملنے پر اس کی حالت بہتر ہوئی اور وہ مکمل صحت یاب ہو گیا۔
وزیر اعظم نے پمز اسپتال میں وینٹی لیٹر بیڈ نہ ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
وزارت قومی صحت نے ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کر دی ہے جس میں واقعے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔






















