نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پاکستان پر سفری پابندیوں سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
ترجمان این ای او سی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پر کوئی نئی سفری پابندیاں عائد نہیں کیں۔
این ای او سی نے وضاحت جاری کی کہ میڈیا رپورٹس غلط فہمی پر مبنی ہیں اور عالمی صحت ریگولیشنز کے 42ویں اجلاس کے نتائج کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ سفارشات نئی سفری پابندیوں سے متعلق نہیں بلکہ صرف عارضی احتیاطی تدابیر کے بارے میں ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ان احتیاطی تدابیر پر پہلے سے ہی عمل درآمد کر رہا ہے اور بیرون ملک سفر کے لیے شہریوں کو پولیو ویکسین لگانے کے بعد سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاتا ہے۔






















