باجوڑ میں تین دن کی مسلسل ہلچل کے بعد علاقہ عمائدین کے پچاس رکنی وفد نے افغانستان سے آنے والے طالبان سے مذاکرات کئے ہیں جنہوں نے ان عمائدین کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے کل دوپہر بارہ بجے تک کا وقت مانگا ہے۔
جرگہ ذرائع کے مطابق جرگہ جو 50 اہم عمائدین پر مشتمل تھا ، نے لغڑے ماموند میں طالبان سے مذاکرات کئے، جرگے کی قیادت باجوڑ امن جرگہ کے چیئرمین گل کریم خان اور ہارون الرشید کررہے تھے، جرگے میں علاقے سے دو ایم پی ایز ڈاکٹر حمید الرحمن اور انور زیب خان بھی شامل تھے۔
جرگے نے طالبان سے مطالبہ کیا کہ آپ واپس افغانستان چلے جائیں یا ہماری آبادیوں سے پہاڑوں پر چلے جائیں، آپ کی موجودگی کی وجہ سے علاقے کے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں، آپ واپس جانا چاہیں تو ہم حکومت سے راستہ دینے کی استدعا کرسکتے ہیں۔
طالبان نے جرگے کو جواب دیا کہ ہم ان معاملات پر افغانستان میں اپنی قیادت سے بات کرینگے، ہمیں کل بارہ بجے دوپہر تک فیصلے کے لئے وقت درکار ہے۔






















