بھارت نے ٹیرف کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد ففتھ جنریشن ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا جیٹ خریدنے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بھارتی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد بھارتی حکومت نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ففتھ جنریشن ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا جیٹ خریدنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکومت امریکی صدر کو خوش کرنے کیلئے امریکا سے بعض اشیاء کی خریداری بڑھانے پر غور کررہی ہے تاہم اس میں ایف 35 لڑاکا طیارے شامل نہیں ہے۔
رواں سال کے آغاز میں نریندر مودی کے وائٹ ہاؤس دورے کے دوران صدر ٹرمپ نے بھارت کو ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر مودی نے حامی بھری تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت ٹرمپ ٹیرف کیخلاف فوری طور پر کوئی جوابی اقدام کرنے کی پوزیشن میں نہیں، بھارت امریکا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی بات چیت جاری رکھنے کا بھی خواہش مند ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے بھارت پر 25 فیصد اور بنگلہ دیش پر 20 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے جبکہ پاکستان پر مجوزہ 29 فیصد کے بجائے 19 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارتی آئل کمپنیوں نے روس سے تیل کی خریداری بھی روک دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس سے سمندری راستے آنے والے تیل کا سب سے بڑا خریدار بھارت ہے، جو دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک بھی ہے۔






















