انگلش کپتان بین اسٹوکس بھارت کیخلاف پانچویں ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، آخری ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ نے اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس بھارت کیخلاف پانچویں ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، وہ بازو میں انجری کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پانچویں ٹیسٹ میں اولی پوپ انگلش ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف پانچویں ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیکب بیتھل، گس ایٹکنسن، جیمی اوورٹن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جوفرا آرچر اور بریڈن کارس کو گزشتہ ہفتے کام کے شدید دباؤ کے سبب آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ لیام ڈاوسن بھی ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں، بیتھیل اور جو روٹ اسپنر بولنگ آپشن ہوگے جبکہ کرس ووکس فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت کرینگے۔
واضح رہے کہ بین اسٹوکس نے مانچسٹر ٹیسٹ کے آخری روز صرف 11 اوورز کرائے تھے تاہم وہ مسلسل تکلیف میں نظر آئے، انہوں نے اپنے سیدھے ہاتھ میں اوپر کی جانب کھنچاؤ کی شکایت کی تھی۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 31 جولائی سے 4 اگست تک اوول میں کھیلا جائے گا، انگلش ٹیم کو بھارت پر 1-2 کی برتری حاصل ہے، بھارت کو سیریز کی شکست سے بچنے کیلئے میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔






















