ملائیشیا میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی افواج کے درمیان کامیاب جنگ بندی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان کامیاب مذاکرات پر مبارکباد دی۔
کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمڈیچ موہا بورور تھیپاڈی ہن مانیٹ نے سماجی رابطے کی سوشل ایپ فیس بک پر لکھا کہ صدر ٹرمپ نے فوری جنگ بندی پر زور دینے اور ملائیشیا میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں امریکہ کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
کمبوڈین وزیراعظم نے کہا کہ اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور دیرپا امن کے لیے سخت نگرانی کا نظام ضروری ہے، جس پر آج کے اجلاس میں اتفاق ہوا۔اس مقصد کے لیے ملائیشیا کی جانب سے تیار کردہ نظام میں امریکہ کی شمولیت اور تعاون پر بھی اتفاق کیا۔
صدر ٹرمپ نے اس امن معاہدے کو بہت اہم اور خاص قرار دیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مستقل امن دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی 2025 میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں ایک بار پھر شدت اختیار کر گئیں، جو ایک مبینہ فائرنگ کے واقعے سے شروع ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں دونوں ممالک کی افواج نے بھاری ہتھیاروں، توپ خانے، اور راکٹ سسٹمز کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 122 زخمی ہوئے۔
تھائی لینڈ نے اپنے سرحدی علاقوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ کمبوڈیا میں بھی ہزاروں شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جارحیت کے الزامات عائد کیے۔






















