پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں کمی کیلئے بینکوں سے قرض کی ادائیگی رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔ گردشی قرض کو ختم کرنے کے لیے حکومت بینکوں سے قرض کا معاہدہ کر چکی ہے۔
پاور سیکٹر کے گردشی قرض سے چھٹکارے کیلئے حکومت اور کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدے کے تحت کیش ادائیگیاں رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔
معاہدے کے تحت بینک ایک ہزار 272 ارب روپے کا قرض دیں گے۔ بینکوں سے قرض اور پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کے تحت گردشی قرض کے حجم میں 80 فیصد سے زائد کمی ہو جائے گی۔
683 ارب روپے سے پاور ہولڈنگ کمپنی کا سود ادا کیا جائے گا۔ 80 ارب روپے گیس کے پاور پلانٹس کو ادائیگی کی جائے گی جبکہ باقی 512 ارب روپے دیگر آئی پی پیز کو دئیے جائیں گے۔
واپسی ڈیٹ سرچارج کے ذریعے کی جائے گی۔ صارفین 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ ڈیٹ سرچارج کے ذریعے قرض ادا کریں گے۔ 561 ارب کا گردشی قرض اصلاحاتی عمل سے ختم کیے جانے کا پلان ہے۔






















