وزیراعظم شہبازشریف نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے کیش ایوارڈ پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیاہے اور اس حوالے سے رانا ثناءاللہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو یکساں انعامی پالیسی بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تمام انعامی پیکجز قومی سطح پر متوازن، شفاف اور مستقل بنیادوں پر طے ہوں گے، اولمپکس، ورلڈ گیمز، ایشین گیمز اور عالمی چیمپیئن شپس کے میڈلسٹ کیلئے یکساں انعامات کا معیار ہو گا ۔
ذرائع کے مطابق گولڈ، سلور اور براؤن میڈلز پر ایک جیسا انعامی معیار لاگو ہوگا، کوئی حکومتی شخصیت عوامی پیسے سے انفرادی انعام نہیں دے سکے گی۔ حکومت نے ہدایت دی کہ انفرادی انعام صرف ذاتی خرچ سے دیا گیا انعام قابل قبول ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم کو انفرادی انعامات کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں احساس محرومی بڑھا ہے ، نئی پالیسی سے کھلاڑیوں کی یکساں حوصلہ افزائی ہو گی،بداعتمادی کا خاتمہ ہو گا، پاکستان اسپورٹس بورڈ نئی پالیسی کا مسودہ جلد وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کرے گا۔






















