وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایف بی آر میں عالمی معیار کا جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دینے کی منظوری دیدی، پورے ٹیکس نظام کو مربوط اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے قابل بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، مشرف زیدی سمیت معاشی ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف بی آر ڈیٹا کو ایک مرکزی نظام سے جوڑنے اور پوری ویلیو چین کی ریئل ٹائم نگرانی کیلئے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محض ڈیجیٹائزیشن کافی نہیں، ایک جامع اور مضبوط نظام کی ضرورت ہے جو خام مال کی تیاری، درآمد، مینوفیکچرنگ اور خریدار تک کے ہر مرحلے کو آپس میں جوڑ دے۔
انہوں نے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹل سسٹم کو اتنا مؤثر بنایا جائے کہ ویلیو چین کی مکمل نگرانی ممکن ہو۔
شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ اس نظام سے حاصل ڈیٹا کو معاشی اسٹریٹجک فیصلوں کیلئے استعمال کیا جائے، تاکہ ٹیکس بیس میں اضافہ اور غیر رسمی معیشت کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔





















