خیبر پختونخوا کی چار بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے آج امن وامان کے حوالے سے بلائی گئی اے پی سی سے بائیکاٹ کرتے ہوئے شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےصوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور امن وامان کے حوالےسے آج آل پارٹیز کانفرنس وزیر اعلی ہائوس میں بلائی ہے،اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف مکتبہ فکر کے رہنمائوں کو دعوت نامے بھجوائے ۔
تاہم صوبےمیں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن،جمعیت علماء اسلام ف ،پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نےاس میں شرکت نہ کرنے اور بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔پیپلزپارٹی کےصوبائی صدر محمد علی شاہ باچہ کا موقف ہےکہ صوبےمیں غیرسنجیدہ حکومت ہے یہ آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کےصوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نےکہا ہے کہ اگر سیاسی جماعت پی ٹی آئی اے پی سی بلاتی تو اس میں ضرور شرکت کرتے مگر صرف حکومتی فیصلے سننے کے لئے اے پی سی میں نہیں جاسکتے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو جماعت اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی ان کا پتا چلے گا کہ انہیں عوام کا کوئی احساس نہیں۔






















