فلسطینی مندوب ریاض منصور نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں سب کچھ تباہ کر دیا ہے، بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور ہمیں غزہ کی انسانی صورتحال پر تماشائی نہیں بننا چاہیے۔
فلسطینی مندوب نے کہا کہ غزہ میں انسانیت کا قتل عام بند کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔غزہ کے لوگ جان بوجھ کر اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے بھوکے ہیں اور اسرائیل خوراک کے متلاشیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کو عوام کے بغیر ایک خالی سرزمین میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ غزہ کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے کیونکہ وقت ختم ہو رہا ہے۔فلسطینی اتھارٹی کی حمایت کی جانی چاہیے۔
غزہ میں کوئی علاقہ محفوظ نہیں رہا، اقوام متحدہ
سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے مشرق وسطیٰ خالد خیری نے کہا کہ غزہ کی صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہےاور اسرائیلی آپریشن پورے علاقے میں پھیل چکا ہے۔
خالد خیری کا کہنا تھا کہ دیرالبلاح میں آپریشن ہزاروں فلسطینیوں کی بے دخلی کا سبب بنا، جبکہ امدادی مراکز کے باہر بھی سیکڑوں افراد کو شہید کیا گیا۔انسانی بنیادوں پر غزہ میں خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر بند کیا جائے۔





















