پنجاب حکومت نے جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے چین سے درآمد کی گئی الیکٹرک ٹرام کو لاہور پہنچا دیا جبکہ یہ ٹرام کینال روڈ اور گلبرگ میں بطور ٹیسٹ رن ورچوئل ٹریک پر چلائی جائے گی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے کوئی درخت نہیں کاٹا جائے گا اور نہ ہی الگ سے ٹریک بنایا جائے گا بلکہ موجودہ سڑکوں کو استعمال کیا جائے گا۔
ٹرام کی اسمبلنگ علی ٹاؤن اورنج سٹیشن پر جاری ہے۔
یہ الیکٹرک ٹرام مکمل طور پر بجلی سے چلے گی جو صرف 10 منٹ میں چارج ہوکر 27 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے اور اس کی لمبائی 30 میٹر ہے جبکہ اس میں دو انجن نصب ہیں جو اسے موجودہ سڑکوں پر موڑنے کے قابل بناتے ہیں۔
ایک ٹرام میں 250 افراد بیک وقت سفر کرسکیں گے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ٹیسٹ رن کی کامیابی کی صورت میں یہ ٹرام لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی مستقل بنیادوں پر چلائی جائے گی۔






















