علامہ ساجد میر کے انتقال کے باعث پنجاب سے خالی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں، ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے عبدالستار نے 99 ووٹ حاصل کیے۔
سینیٹ کی پنجاب سے خالی نشست پر صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک پولنگ ہوئی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا جبکہ الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیئے۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے حافظ عبدالکریم اور اپوزیشن کے مہر عبدالستار امیدوار تھے، سینیٹ کی نشست پروفیسر علامہ ساجدمیر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی نشست پر انتخاب کے بعد نتیجہ جاری کردیا، پولنگ کے دوران کل 345 ووٹ کاسٹ ہوئے، ن لیگ کے عبدالکریم 243 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابلہ تحریک انصاف کے مہر عبدالستار نے 99 ووٹ حاصل کیے، 3 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔






















