پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 135 ہوگئی جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کردی۔ مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق اعداد وشمار بھی رپورٹ میں شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث135شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ بارشوں کے باعث156گھر متاثر اور479 شہری زخمی ہوئے۔
زیادہ اموات کچے مکانات، خستہ عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں، آسمانی بجلی گرنے،کرنٹ لگنےاور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے شہری جاں بحق ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی شہر میں بارش رکارڈ نہیں ہوئی تاہم مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل آج شام سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانولہ میں مون سون بارشوں سےاربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریاؤں،نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں۔






















