عوام ریلیف سے محروم، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر فریٹ مارجن 8.89 روپے فی لیٹر تک بڑھادیا۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 11.37 روپے فی لیٹر تک بڑھادی تھیں، جس کا اطلاق آج سے 15 روز کیلئے ہوگا۔
تازہ رپورٹ ے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی گزشتہ سطح پر برقرار رکھا ہے تاہم فریٹ مارجن میں اضافہ کردیا ہے۔
دستاویز کے مطابق پیٹرول پر تیل کی ترسیل کا مارجن 3 روپے 95 پیسے بڑھا دیا گیا، فریٹ مارجن 2 روپے 9 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل پر فریٹ مارجن میں ایک روپے 93 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جو بڑھ کر 8 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
دستاویز سے پتہ چلتا ہے کہ پیٹرول پر 103.42 فی لیٹر ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجن وصول کیے جارہے ہیں، ڈیزل پر ٹیکسز ڈیوٹیز اور مارجن کی مد میں 97.56 فی لیٹر وصول ہورہے ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول و ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی ڈھائی روپے فی لیٹر عائد ہے، پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر عائد ہے، فریٹ مارجن 8.89 اور ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7.87 پیسے فی لیٹر ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول پر ڈیلرز مارجن کی مد میں 8 روپے 64 پیسے فی لیٹرکی وصولی کی جارہی ہے جبکہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔
دستاویز کے مطابق ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے فی لیٹر لیوی، فریٹ مارجن 6.04، ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7.87 روپے فی لیٹر ہے، ڈیزل پر سیلز ٹیکس صفر مگر ڈیلرز مارجن 8.64 روپے فی لیٹر ہے۔



















