راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) میں ای سی جی کروانے والے افراد سے ناروا سلوک اور بدتمیزی کے معاملے کی اسپتال انتظامیہ نے انکوائری مکمل کر لی ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق شعیب نامی ملازم کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت مریض کی ای سی جی کی جا رہی تھی جب مریض کے اٹینڈنٹ نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
ویڈیو میں شعیب کو مریضوں سے بدتمیزی کرتے اور ای سی جی کرنے سے انکار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ شہری نے متعلقہ حکام تک شکایت پہنچانے کے بجائے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جبکہ واقعے کے وقت اسپتال کا سینئر عملہ بھی موجود تھا۔
اسپتال انتظامیہ نے واضح کیا کہ شعیب ای سی جی ٹیکنیشن نہیں بلکہ ہیلپر ہے اور ای سی جی ڈیپارٹمنٹ پر ورک لوڈ کی وجہ سے کبھی کبھار ہیلپرز کو ٹیکنیشنز کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ایک نجی کمپنی کا ملازم ہے اور اسے ماضی میں بھی کئی بار اسپتال سے نکالا جا چکا ہے۔
انتظامیہ نے شعیب کی معطلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے ساتھ بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔






















