بھارت نے جنگی عزائم کے تحت ایک اور پڑوسی ملک میانمار کی خودمختاری کو پامال کرتے ہوئے اس کے خلاف ڈرون حملے کیے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی علیحدگی پسند تنظیم یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج نے سرحد پار میانمار کے ساگاینگ علاقے میں تنظیم کے کیمپوں پر 150 اسرائیلی اور فرانسیسی ساختہ ڈرونز سے حملے کیے جن میں اس کے تین اعلیٰ کمانڈرز لیفٹیننٹ جنرل نایان میدھی (عرف نایان آسام) بریگیڈیئر گنیش آسام، اور کرنل پر دیپ آسام ہلاک ہوئے۔
حملوں میں تنظیم کے دیگر ارکان اور کچھ عام شہری بھی زخمی ہوئے۔
تنظیم کے مطابق یہ حملے اتوار کی صبح 2 سے 4 بجے کے درمیان نگالینڈ کے لونگ وا سے اروناچل پردیش کے پنگسائی پاس تک تنظیم کے کیمپوں پر کیے گئے جن میں سے ایک حملہ نایان آسام کے آخری رسومات کے دوران کیا گیا۔
تنظیم نے بھارتی فوج کے ان "وحشیانہ حملوں" کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ اور دیگر باغی گروپوں کے کیمپ بھی نشانہ بنے۔
تاہم، بھارتی وزارت دفاع اور فوج نے ان حملوں کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسی کسی کارروائی کی کوئی اطلاع نہیں۔
گوہاٹی میں تعینات ایک سینئر فوجی افسر لیفٹیننٹ کرنل مہندر راوت نے کہا بھارتی فوج کو ایسی کسی کارروائی کی کوئی معلومات نہیں ہیں۔






















