رمضان المبارک سے پہلے ہی مہنگائی بڑھنے لگی ہے، گزشتہ مہینے شرح 0.39 فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر 5.80 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں ماہانہ بنیاد پر زندہ برائلرمرغی سولہ فیصد ، گندم دس فیصد، ٹماٹر سات فیصد اور آٹا 4.8 فیصد تک مہنگا ہوا۔ پھلوں کی قیمتیں 2.28 اور مصالحہ جات کی 2 فیصد بڑھیں۔ مچھلی، بیکری آئٹمز، دال مونگ، خشک میوے، خشک دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف جنوری میں پیاز اور آلو 28 فیصد جبکہ مجموعی طور پر سبزیاں 16.59 فیصد تک سستی ہوئیں۔ چینی کی قیمت میں 9.6 اور انڈوں کی قیمت میں چھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ دال چنا، مسور، گڑ، ماش، بیسن اور سگریٹس کے دام بھی کم ہوئے۔ جولائی دوہزار پچیس سے جنوری دوہزار چھبیس کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.24 فیصد رہی۔



















