خلیج تعاون کونسل (جی سی سی ) نےاپنے چھے رکن ممالک کیلئے شینجن جیسا ویزا متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیاہے جس میں بحرین، کویت ، اومان، قطر ،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں ۔
جی سی سی کی جانب سے یہ سہولت 2024 سے 2025 کے درمیان متعار ف کروائے جانے کی توقع ہے ،اس سہولت کے ذریعے سیاح ایک ہی ویزے پر تمام چھ ممالک کی سیر سے لطف اندوز ہو سکیں گے ، یعنی جی سی سی کے چھ رکن ممالک میں جانے کیلئے الگ الگ ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی ۔
یہ اعلان عمان میں جی سی سی کے وزرائے داخلہ کے 40 ویں اجلاس میں سیکریٹری جنرل جسیم البداوی کی جانب سے کیا گیا ، سیکریٹری جنرل نے اس پیشرفت کو جی سی سی رکن ممالک کے سربراہان کی آپسی تعاون کی بہترین مثال اور کامیابی قرار دیا ۔
یونیفائڈ گلف ٹورسٹ ویزا نہ صرف شہریوں بلکہ سیاحوں کیلئے بھی مزید آسانیاں پیدا کرے گا ، جس سے معیشت اور سیاحت کو بے حد راحت ملے گی ۔متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ عبداللہ بن طوق نے کہا کہ یونیفائڈ ویزا جی سی سی کے وژن 2030 کا اہم ترین حصہ ہے ،اس نئی پیشرفت کے باعث 2030 تک سیاحوں کی تعداد بڑھ کر 128.7 ملین تک پہنچ جانے کی توقع کی جارہی ہے جو کہ 2021 کے مقابلے میں 137 فیصد زائد ہے ۔