مرحوم اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے کہا ہے کہ انہوں نے چھیپا فاونڈیشن سے رابطہ کر کے بہن کی میت وصول کر لی ہے۔
نوید اصغر اور ان کے بہنوئی لاش وصول کرنے کے لیے لاہور سے کراچی پہنچے اور ایس ایس پی ساؤتھ کے دفتر میں پولیس حکام سے ملاقات کی، انہوں نے قانونی تقاضے مکمل کر کے میت چھیپا فاونڈیشن سے حاصل کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید اصغر نے میڈیا میں پھیلائے گئے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ حمیرا کے والدین نے ان سے قطع تعلق کر رکھا تھا یا لاش وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی کسٹڈی میں لاش ہونے کی وجہ سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری تھا جس کے لیے وہ تین دن سے چھیپا فاونڈیشن اور پولیس سے رابطے میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ قبل ان کی پھوپھی کا روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال ہوا تھا جس کی وجہ سے والدین پہلے ہی صدمے میں تھے اور اچانک حمیرا کی موت کی خبر اور میڈیا کی مسلسل کالز نے گھریلو اور معاشرتی دباؤ کو بڑھاوا دیا۔
نوید نے کہا کہ اچانک موت کی خبر اور میڈیا کا دباؤ خاندان کے لیے انتہائی مشکل تھا۔






















