اسلام آباد میں ہالینڈ کے سفیر نے ڈچ سفارتخانے کے سامنے تین روز سے بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایت وزیراعظم سے کردی ۔ شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی اور مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو میں نئی سڑک بننے سے برساتی نالہ بند ہوگیا جس کے باعث ڈچ سفارتخانے کے باہر بارش کا پانی جمع ہوا ، وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کرکے ہالینڈ کے سفیر نے مشکلات سے آگاہ کیا تو مسئلے کا اعلیٰ ترین سطح پر فوری نوٹس لیا گیا ۔
وزیراعظم نے ڈپلومیٹک زون میں نکاسی آب کا نظام فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا غیرملکی مشنز کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے ، سفارتی عملے کی حفاظت اور سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔






















