وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں ریڈ اینڈ بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسے دو روز کے اندر فعال کرنے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں سی ایم ہیلتھ ویجیلنس اسکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا جو ہسپتالوں میں وزیراعلیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا۔
مریم نواز نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی مریض دل کے علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جان سے نہ جائے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹس اور ہارٹ سرجنز کی موجودگی کو لازمی قرار دیا اور کہا کہ مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں میں جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسا نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں درکار اسپیشلسٹس کی فہرست طلب کرتے ہوئے صفائی اور پارکنگ کی آؤٹ سورس سروسز کے باقاعدہ آڈٹ کا حکم بھی دیا۔






















