پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے مسئلے کے حل کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دفاتر میں تعینات اساتذہ کو ان کے متعلقہ اسکولوں میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز میں تعینات ملازمین، خصوصاً گریڈ 16 تک کے وہ افسران جو تین سال سے دفاتر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، کو فوری طور پر ان کے متعلقہ اسکولوں میں واپس بھیجا جائے گا۔
ساتھ ہی گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں تاکہ ان کی تعیناتیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔






















