دلائی لامہ جانشینی کے معاملے پر بھارت اور چین کے درمیان سفارتی تناؤ ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا۔
دلائی لاما کے معاملے پر بھارتی حکام کے تبصرے پر بیجنگ نے اسے چین کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بیرونی ریاست کو مذہبی معاملات میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایک بھارتی عہدیدار نے دلائی لاما کے جانشین کے بارے میں تبصرہ کیا۔ اس بیان پر نئی دہلی میں تعینات چین کے سفیر ژو فیہونگ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دلائی لاما کا سلسلہ نسب تبت میں قائم ہے اور زندہ بدھوں کی دوبارہ پیدائش کا قانون چین کے اندر نافذ العمل ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ مذہبی عہدوں کی منظوری کا اختیار صرف چین کو حاصل ہے اور کسی بیرونی ریاست یا تنظیم کو اس میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ژو فیہونگ نے بھارتی حکام کے بیانات کو چین کی خودمختاری پر حملہ اور سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔






















