وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ لیاری میں بلڈنگ گرنے کا سانحہ افسوسناک ہے، کل اجلاس میں واقعے سے متعلق تفصیلات لوں گا، آگرہ تاج میں کل سامنے آنیوالی ایک اور مخدوش بلڈنگ کچھ سال پہلے ہی بنی تھی، دیکھیں گے اس کی تعمیر کی اجازت کس نے دی، لوگوں کو مخدوش بلڈنگ خالی کرنے کہا جاتا ہے تو رہائشی حکومت سے کہتے ہیں متبادل جگہ دو۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے راستے پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر ایم اے جناح روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لیاری میں بلڈنگ گرنے کا سانحہ افسوسناک ہے، بلڈنگ کے گرنے سے متعلق کل اجلاس میں تفصیلات لوں گا، اجلاس میں بلڈنگ گرنے کی وجوہات پتہ کریں گے، سانحے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی اسی وقت بنادی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ آگرہ تاج کے علاقے میں کل سامنے آنے والی مخدوش بلڈنگ کچھ سال پہلے ہی بنی تھی، دیکھیں گے آگرہ تاج میں سامنے آنے والی مخدوش بلڈنگ کی اجازت کس نے دی، بلڈنگ کی تعمیر کی اجازت دینے والوں کو سزا دی جائیگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگ فلیٹ لیتے وقت بلڈنگ کی صورتحال نہیں دیکھتے، مخدوش بلڈنگ میں شاید غریب کو سستا فلیٹ مل جاتا ہو، لوگوں کو مخدوش بلڈنگ خالی کرنے کا کہا جاتا ہے تو رہائشی کہتے ہیں متبادل جگہ دو، لوگ کہتے ہیں حکومت بتائے ہم رہیں گے کہاں؟۔



















