علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 3 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور مالدیپ سمیت سات علاقائی ممالک کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 981.410 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں تین فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 7.018 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے اور سات علاقائی ممالک کو برآمدات کا تناسب 13.98 فیصد ہے۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کو 633.37 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 501 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 26.42 فیصد زیادہ ہے۔
افغانستان کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 128.53 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 127.157 ملین ڈالر تھیں۔ پہلی سہ ماہی میں بنگلہ دیش کو 144.50 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 38.28 فیصد کم ہیں۔
گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بنگلہ دیش کو 234.14 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ نیپال کو پہلی سہ ماہی کے دوران 0.044 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 0.101 ملین ڈالر تھیں۔ مالدیپ کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.964 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.754 ملین ڈالر تھیں۔
اس کے برعکس پہلی سہ ماہی میں سات علاقائی ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14.73 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے ستمبر تک کی مدت میں سات علاقائی ممالک سے 2.833 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.323 ارب ڈالر تھیں۔