دبئی کے محکمہ معیشت و سیاحت رواں سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران غیر ملکی سیاحوں کے اعدادوشمار اور سیاحت کے شعبے کی کارکردگی پر خصوصی رپورٹ جاری کردی۔
محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہےکہ رواں سال جنوری سے لےکر ستمبر تک 12.4 ملین غیرملکی سیاح دبئی آئے۔ 2022 کے مقابلے میں 22.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’2022 میں 9 ماہ کے دوران 10.12 ملین غیرملکی سیاح دبئی آئے تھے۔ اسی طرح 2019 میں کورونا وبا سے قبل مذکورہ عرصے کے مقابلے میں 2023 میں 2.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔‘
رپورٹ کےمطابق’2023 میں سب سے زیادہ سیاح بھارت سے آئے،ان کی تعداد 1.77ملین ریکارڈ کی گئی،سعودی عرب 8 لاکھ 56 ہزار سے دوسرے نمبر پر رہا، برطانیہ سے 8 لاکھ 25 ہزار اور روس سے 8 لاکھ 6 ہزار سیاح دبئی آئے۔
محکمہ سیاحت کے اعدادوشمار کے مطابق سلطنت عمان کے سیاح 7 لاکھ 89 ہزار آئے اور پانچویں نمبر پر رہے، امریکہ پانچ لاکھ 23 ہزار سے چھٹے، چین چار لاکھ 57 ہزار سے ساتویں، جرمنی چار لاکھ ایک ہزار سے آٹھویں،ایران دو لاکھ 96 ہزار سے نویں اور پاکستان 2 لاکھ 54 ہزار سے دسویں نمبر پر رہا۔