امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لئے ضروری شرائط پر اتفاق کیا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مجوزہ معاہدے کے دوران ہم جنگ کے خاتمے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ قطری اور مصری حکام جنھوں نے امن لانے کے لیے بہت محنت کی ہے اس حتمی تجویز کو پیش کریں گے۔ مجھے اُميد ہے حماس اس معاہدے کو اس لیے قبول کرے گی کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو حالات بہتر نہیں بلکہ مزید خراب ہو جائیں گے۔
اس سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ آئندہ ہفتے طے پاجائے گا ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی سیزفائر چاہتے ہیں، لڑائی بند ہونے سے فلسطینیوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
واضح رہے اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں فوجی حملوں کا آغاز کیا تھا۔ حماس کے اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم اس کے بعد سے جاری اسرائیلی افواج کے حملوں سے متعلق حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت تک غزہ میں کم از کم 56,647 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔






















