رکن قومی اسمبلی ( ایم این اے ) شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے انہیں پارٹی سے نکلوایا ہے۔
سماء کے پروگرام ’ ریڈ لائن ‘میں گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں اختیار اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہیں بات انہیں سے ہوگی جبکہ اسٹیبلشمنٹ کہہ چکی ہے کہ ہم حکومت کو دھوکا نہیں دے سکتے اس لیے صرف اسٹیبشلمنٹ سے مذاکرات کی ضد سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، یہ لوگ اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری بھی بانی پی ٹی آئی پر ڈالتےآئے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو ہم بانی کی رہائی سے تھوڑا دور تھے اور ڈیل ہوچکی تھی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ ہم سنگجانی رُک جاتے تاہم بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دینے اور پیغام پہنچانے میں خیانت کی جاتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 8 فروری کے بعد مجھے احتجاج جاری رکھنے دیتے تو بانی رہا ہو جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواحکومت ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم تحریک انصاف اس وقت تقسیم ہوچکی ہے اور تحریک انصاف میں بدنیتی پر مبنی فیصلے ہو رہے ہیں۔






















