وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تیانجن میں ہونے والے وزرائے ٹرانسپورٹ کے 12 ویں اجلاس میں شرکت کی جہاں چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لیووی نے عبدالعلیم خان کا استقبال کیا اور کہا کہ ایس سی او میں پاکستان کی بھرپور شرکت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے چینی وزیر ٹرانسپورٹ کی اہم ملاقات بھی ہوئی جس دوران چین نے ایم6،ایم 9 اور مانسہرہ،ناران، جھال کنڈ شاہراہوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان مواصلات کی بہتری میں چین کے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ملاقات میں گوادرپورٹ و ائیرپورٹ اور ایران و افغانستان سے زمینی رابطوں پرگفتگو بھی کی گئی ، دونوں وزراء نے سی پیک کے مغربی حصے اور ای کامرس کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ عبدالعلیم خان نے چینی ہم منصب لیووی کو پاکستان کے دورے کی با ضابطہ دعوت دی ۔
چینی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پاکستان سے چین کا تعلق دیرپا اور دو طرفہ تعاون پر مبنی ہے۔ چین کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان میں سکیورٹی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی اور کہا کہ پاکستان میں کام کرناچینی ماہرین کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان سے دیگر ممالک کے لئے تجارتی راہداریاں ترجیح ہیں۔ ملاقات میں شاہراہ قراقرم کے مختلف اموراور بھاشا ڈیم کی 2029تک تکمیل پرگفتگو کی گئی ، پاکستانی وزیراعظم کے اگست 2025کےمجوزہ دورے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ایس سی او کانفرنس میں پاکستان کےعلاوہ دیگر ممالک کے وزراء نے بھی شرکت جن میں بھارت،ایران، بیلاروس، قازقستان، رشین فیڈریشن اور ازبکستان شامل ہیں۔






















