پاکستانی طلبہ کو سال 2025 اے پی اے سی سولیوشن چیلنج میں عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور طلبہ کی دو ٹیموں نےایشیا پیسیفک سولیوشن چیلنج میں نمایاں اعزازات حاصل کرلئے ہیں ۔ فلپائن میں پاکستانی سفیرڈاکٹرعاصمہ ربانی نے دونوں ٹیموں کواپنی رہائش گاہ پرمدعو کیا اور کہا یہ طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی مقابلہ گوگل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ، مقابلے میں ایشیا پیسیفک کے بارہ ممالک کی ساڑھے سات سو سے زیادہ ٹیموں نے شرکت کی، انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی پاکستان کی ٹیم کومصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پاکستانی ٹیم نےسیٹلائٹ امیجری اورقدرتی آفات کی ارلی وارننگ الرٹس کا نظام متعارف کرایا ۔
پاکستانی ٹیم میں احمد اقبال، ہنزلہ بن یونس، خلیل الرحمن اورعبداللہ آصف شامل ہیں ، پاکستانی ٹیم کو قدرتی آفات سےنمٹنےکیلئےجدید اورمؤثرحل پیش کرنے پر سراہا گیا۔ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹراینڈ ایمرجنگ سائنسزکی ٹیم نے ٹاپ ٹین فائنلسٹ ٹیموں میں جگہ بنائی۔ فلپائن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹرعاصمہ ربانی نےدونوں ٹیموں کواپنی رہائش گاہ پرمدعو کیااور کہا پاکستانی نوجوانوں کا عزم اور عالمی سطح پر پہچان پوری قوم کیلئے باعث فخرہے۔ پاکستانی نوجوان دنیا کے اہم ترین چیلنجزمیں قابل عمل حل پیش کر رہے ہیں۔






















