ترکیہ اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس اور شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ترکیہ اور یو اے کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان نے حکومت پاکستان اور شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی ہے اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنے دیرینہ دوست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے بھی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ان مجرمانہ کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے، ہم سلامتی و استحکام کو غیر مستحکم کرنے والی ہر قسم کی کارروائیوں کو مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ یو اے ای نے مزید کہا کہ بزدلانہ اور سنگدلانہ حملے پر متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔



















