جاپان میں ایئر پورٹ کے رن وے پر ریچھ کے داخلے ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، ایک درجن پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
بی بی سی کے مطابق جاپان کے یاماگاتا ایئر پورٹ پر ایک کالا ریچھ رن وے پر آگیا، رن وے پر ریچھ کی موجودگی نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوانے کے ساتھ ساتھ درجنوں پروازوں کے شیڈول میں خلل پیدا کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ریچھ کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور ریچھ کو رن وے پر پکڑنے میں مصروف ہوگئی، جس کی ویڈیو عالمی خبروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی چوٹھے ریچھ کو پکڑنے کیلئے اس کا پیچھا کررہی ہے جبکہ ریچھ کو رن وے اور اطراف کی گرین بیلٹ پر دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریچھ کی وجہ سے کم از کم 12 پروازیں منسوخ ہوئیں اور ریچھ کو پکڑنے کیلئے باقاعدہ طور پر شکاری کو بلانا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں ریچھ کے انسانوں پر حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ سال ریچھوں نے جاپان میں 219 افراد پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک بھی ہوئے۔






















