امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ غزہ تنازع کے باعث فلسطینیوں کی زبردستی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے۔
ٹوکیو میں جی سیون اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم سب جنگ اور انسانیت کی تباہی کا خاتمہ چاہتے ہیں، فلسطینیوں کی زبردستی نقل مکانی نہ اب ہونی چاہیے اور نہ ہی جنگ کے بعد ہونی چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ میں زیادہ دیر نہیں رہے گا ، شاید وہ جنگ کے بعد وقفے کیلئے غزہ میں رہے۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں امن چاہتے ہیں، اس کیلئے خطے میں دوسرے ساتھیوں سے رابطے میں ہیں، غزہ جنگ کو پھیلنے سے روکنا ہوگا، تنازع ختم ہونے کے بعد غزہ پر دوبارہ قبضہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی ، محاصرہ یا غزہ کے حدود میں کمی کی کوشش نہیں کی جائے گی، غزہ میں جنگ کے بعد فلسطینیوں کی خواہشات کے مطابق حکومت بنائی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کو فلسطینی اتھارٹی کی حکومت میں مغربی کنارے کے ساتھ متحد رکھا جائے گا۔