آسٹریلوی ٹیلی کام کمپنی آپٹس (Optus ) کے نیٹ ورک میں خرابی کے باعث لاکھوں صارفین موبائل اور انٹرنیٹ سروسز سے محروم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ ورک کی خرابی کے باعث ٹرانسپورٹ سروسز میں تاخیر ، ہسپتال کی فون لائنز منقطع اور ادائیگی کے نظام کو بند کر دیا گیا۔
آپٹس کے مطابق ملک میں 10 ملین سے زیادہ لوگ اور ہزاروں کاروبار اس مسلئے سے متاثر ہوئے ہیں، تاہم تقریباً 12 گھنٹے کے بعد سروسز بحال کر دی گئیں اور سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ تکنیکی نیٹ ورک کی خرابی تھی، تاہم، اصل وجہ کی تحقیقات کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔
آسٹریلیا بھر میں لوگ ایمرجنسی سروسز اور اہم ہیلپ لائن نمبروں پر کال کرنے سے قاصر تھے، ریاست وکٹوریہ میں ٹرین سروس بھی عارضی طور پر بند ہو گئی۔
آپٹس کی ایک صارف نے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو بتایا کہ اس واقعے کی وجہ سے وہ اپنے والد کے کینسر کے علاج کے بارے میں اہم اپ ڈیٹس حاصل کرنے سے قاصر رہیں۔
کمپنی کو گزشتہ برس سائبر حملے کے نتیجے میں آسٹریلیا کی تاریخ میں ڈیٹا کی سب سے بڑی خلاف ورزی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔