قومی اسمبلی نے وزارت دفاع کے 26 کھرب 8 ارب 72 کروڑ 95 لاکھ روپے کے پانچ مطالبات زر کی منظوری دے دی جبکہ دفاعی بجٹ پر اپوزیشن کی پیش کردہ 22 کٹوتی تحاریک کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔
توانائی ڈویژن مطالبات زر پر اپوزیشن نے کٹوتی کی 202 تحاریک پیش کی جنہیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے مسترد کردیا گیا، تاہم تحاریک پر بحث جاری ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے صوابی میں شدید لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تربیلا ڈیم کی بجلی صوابی کو نہیں بلکہ اٹک سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوابی کے مین پاور ہاؤس سے بجلی فراہم کی جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ صوابی میں 12 سے 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور عید کے دوران 20 گھنٹے تک بجلی غائب رہی۔
انہوں نے لوڈ شیڈنگ کی وجہ سسٹم میں سرمایہ کاری کی کمی کو قرار دیا۔




















