اسرائیل نے ایران کیخلاف جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کردیا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل صدر ٹرمپ کی جنگ بندی پیشکش سے متفق ہے۔
ایران نے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد گزشتہ رات قطر میں امریکی بیس پر حملہ کیا، جس کے بعد امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، ایرانی حکام نے بھی تصدیق کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ایران کیخلاف جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کردیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ بندی پیشکش سے متفق ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو پوری طاقت سے جواب دیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے ایرانی ایٹمی پروگرام تباہ کرنے کا ہدف پورا کیا۔
اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد اپنی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایران سے حملے ختم ہونے کے بعد فضائی حدود کھول دی گئی ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی سے پہلے آخری لمحے تک اسرائیل پر ایران کے حملے جاری رہے، ایران نے منگل کی صبح 4 بجے تک 6 مرحلوں میں 10 سے 15 میزائل اسرائیلی شہروں پر داغے، جن میں سے ایک میزائل اسرائیلی شہر بیر سبع میں کثیر المنزلہ عمارت پر گرا۔ ترک میڈیا کے مطابق حملے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے اور عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔
ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل کے دیگر شہروں میں بھی سائرن بجتے رہے، اسرائیلی شہری 3 گھنٹے تک پناہ گاہوں میں گھسے رہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ رات تک ایران کیخلاف جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں، صہیونی حملوں میں ایران ایٹمی پروگرام سے منسلک اہم عہدیدار محمد رضا اور الیکٹرسٹی انفرا اسٹرکچر کی سربراہ ندا رافعی پارسا شہید ہوگئیں۔






















